بالی ووڈ کے سینئر اداکار شہزاد خان، جو ماضی میں سلمان خان کے ساتھ ’انداز اپنا اپنا‘ اور ’بھارت‘ جیسی مشہور فلموں میں کام کر چکے ہیں، نے حالیہ انٹرویو میں سلمان خان کے فلمی کیریئر اور ان کی شخصیت کے دفاع میں گفتگو کی۔
انہوں نے سلمان خان کے خلاف ہونے والی تنقید کو رد کرتے ہوئے ان کو اپنا ”پرانا دوست“ قرار دیا اور کہا کہ سلمان خان کا وقت کبھی نہیں ختم ہو سکتا۔
شاہ رخ خان کا نوکروں کے ساتھ گھر کے کام کرنے کا انکشاف
بھارتی میڈیا کے مطابق شہزاد خان نے ایک انٹرویو میں کہا،
”یہ سب بکواس ہے، مکمل بکواس۔ یہ کہنا کہ سلمان خان کا وقت ختم ہو چکا ہے، بالکل غلط ہے۔ ہاں، فلموں کا نہ چلنا ایک الگ بات ہے، لیکن سلمان خان کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔“
انہوں نے مزید کہا،
”جب تک خدا اُسے نہ بُلالے، وہ چلتا رہے گا۔ اُس کا کوئی متبادل نہیں ہے، ٹائیگر زندہ ہے اور ٹائیگر زندہ رہے گا۔ اُس کی فلمیں آئیں گی اور سپر ہٹ ہوں گی۔ یہ کہنا کہ وہ ختم ہو چکا ہے، صرف یوٹیوب پر دکانیں چمکانے والوں کی باتیں ہیں، جنہیں سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔“
’لسانیت‘ کا شکار بنانے کی کوشش پر سونو نگم نے نوجوان کو جھاڑ دیا
شہزاد خان نے مزید کہا، ”اور ہاں، ان کے بارے میں بہت ساری غلط کہانیاں ہیں۔ بہت کم لوگ ان کے بارے میں صحیح معلومات رکھتے ہیں، لیکن دوسری طرف بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور انہیں دیوانوں کی طرح چاہتے ہیں۔ وہ اس کے لیے روتے ہیں، وہ اس کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ مجھے شک ہے کہ میں نے کبھی کسی اور اداکار کے لیے ایسا جنون دیکھا ہو گا۔“
شہزاد خان نے سلمان خان کے فلمی انتخاب پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ بعض ناکام فلموں کے پیچھے سلمان کی دوستی اور دریا دلی کا ہاتھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا،
”سلمان اپنی فلموں میں اکثر اپنے دوستوں کو مواقع دیتا ہے، چاہے ان کے پاس کوئی خاص کام نہ ہو۔ میں نام نہیں لوں گا، مگر ایک اداکار جسے اُس نے ’سکندر‘ میں رول دیا، اُس نے سلمان سے کہا کہ ’میرے پاس کام نہیں ہے‘، اور سلمان نے فوراً کہا کہ ’تم میری اگلی فلم ’سکندر‘ کا حصہ ہو‘۔ یہی اُس کی شخصیت ہے۔ وہ بے لوث مدد کرتا ہے اور کبھی وفاداری کی توقع نہیں رکھتا۔ وہ سمجھتا ہے کہ دینے والا خدا ہے، اور اُس نے کبھی ذاتی مفاد کے لیے کچھ نہیں کیا۔“
گزشتہ چند سالوں میں سلمان خان کی فلموں کا باکس آفس پر اتنا کامیاب ہونا ممکن نہیں رہا۔ ان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ نے دنیا بھر میں صرف 184.6 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ اسی طرح ’ٹائیگر 3‘ جیسی بڑی فلم بھی توقعات کے مطابق کام یاب نہ ہو سکی اور صرف 464 کروڑ روپے کا بزنس کر پائی۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘، جس کی ہدایتکاری اے آر مروگادوس نے کی، نے بھی بھارت میں صرف 184.6 کروڑ روپے کا بزنس کیا، حالانکہ یہ فلم ناظرین کی توقعات پر پورا نہیں اُتر سکی۔