نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دنیا کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے یونان اور سوئٹزرلینڈ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں خطے میں پاک بھارت کشیدگی اور پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال سے تفصیلاً آگاہ کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے یونانی ہم منصب سے رابطے میں بھارت کے بے بنیاد الزامات اور پراپیگنڈے سے متعلق آگاہ کیا اور پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدار، شفاف اور بین الاقوامی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
یونانی وزیر خارجہ نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے تحمل سے کام لینے پر زور دیا اور پاکستان کی طرف سے آزاد تحقیقات کی تجویز کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔
اس کے علاوہ، وزیر خاجہ اسحاق ڈار اور سوئٹزر لینڈ کے وزیر خارجہ اجنازیو کاسیس کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں وزیر خارجہ نے بھارتی اقدامات اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شفاف تحقیقات میں پاکستان کی مکمل معاونت کی پیشکش دہرائی۔ اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے کی تحقیقات میں سہولت کاری اور غیر جانبدار تحقیقات کے لیے مناسب طریقہ کار طے کرنے میں معاونت کی پیشکش کی۔