اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سیکیورٹی کونسل اجلاس بلانے کی ہدایت کی جس کے بعد سیکیورٹی کونسل کی صدارت کو اطلاع دے دی ہے، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید نے کہا کہ امریکی انتظامیہ میں بھی ایک تشویش موجود ہے، سب جانتے ہیں اس خطے میں جو صورتحال پیدا ہوتی ہے وہ محدود نہیں رہتی جبکہ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹرفیصل نے کہا کہ مسئلہ پہلگام یا پلوامہ نہیں جموں کشمیر ہے، جموں کشمیر کے حل تک پاک بھارت میں امن نہیں ہوگا، اسے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
پاکستان کا بھرپور بیانہ صرف آج نیوز پر جاری ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید اور برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں شریک ہوئے۔
عاصم افتخار
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے، ہم اس ہدایت کے مطابق کام کررہے ہیں، سیکیورٹی کونسل کی صدارت کو اطلاع دے دی ہے، اپیلیں سسٹم میں آتی ہیں تو ان کا اطلاق ہوتا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ ہم نے سیدھا سیدھا کہا کہ ہم پر الزامات بے بنیاد ہے، شفاف تحقیقات کے مطالبے کو سب سپورٹ کریں گے، بین الاقوامی امن سلامتی کونسل کا مینڈیٹ ہے، بھارت کا غیرذمہ دارانہ رویہ تمام قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دفاع کا سفر بہت سال پہلے سے شروع کررکھا ہے، اسی وجہ سے ہم پوری طرح تیار ہیں، ہم اپنے دفاع کے لیے کسی اور پر بھروسہ نہیں کرتے، کوئی نہیں چاہتا کہ آج کل کی صورتحال میں کئی نیا تنازع کھڑا ہو، تمام ممالک نے یہی کہا کہ کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے۔
رضوان سعید
امریکا میں تعنیات پاکستانی سفیر رضوان سعید نے کہا کہ سلامتی معاملات پر امریکا کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے، صدر ٹرمپ اور امریکی محکمہ خارجہ نے بھی بیان دیا، کوشش کی جارہی ہے کہ جنگ کی صورتحال کو روکا جائے، عالمی اور علاقائی امن کو دوچار کرنے والی صورتحال سے بچنے کی کوشش ہے۔
رضوان سعید نے کہا کہ ابھی تک بھارت نے کوئی ثبوت نہیں دیے، ہم نے شفاف تحقیقات میں تعاون کی تجویز دی، امریکی انتظامیہ میں بھی ایک تشویش موجود ہے، اس خطے میں جو صورتحال پیدا ہوتی ہے وہ محدود نہیں رہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر 25 کروڑ آبادی پر کوئی زک آئے گی تو اس سے بڑا اعلان جنگ کیا ہوگا۔
ڈاکٹر فیصل
برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے تلخی بڑھتی جارہی ہے، صرف میڈیا ہی نہیں بھارتی قیادت بھی جنگ کے اشارے دے رہی ہے، دشمن کھلا اعلان کررہا ہے کہ حملہ کرنا ہے، برطانیہ سمیت بہت سے ممالک کشیدگی کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ مسئلہ پہلگام یا پلوامہ نہیں جموں کشمیر ہے، جموں کشمیر کے حل تک پاک بھارت میں امن نہیں آسکتا، مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہو، پاکستان آج بھی 1949 کی قرارداد کے ساتھ کھڑا ہے، ہمارے لیے بھارتی سازش کوئی نئی بات نہیں ہے۔