پنجاب میں 11 ہزار سے زائد اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل کر لی گئی

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب میں 11 ہزار سے زائد اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل کر لی گئی جبکہ بچوں کی انرولمنٹ میں کئی گنا اضافہ ہو گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسکولوں کی 580 بوسیدہ ترین اور 2770 خستہ عمارتوں کی تعمیر ومرمت کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات کے باعث پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر مدت میں 11 لاکھ آؤٹ آف اسکول بچوں کی انرولمنٹ کا منفرد ریکارڈ قائم ہوگیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو اسکول ایجوکیشن کے موجودہ اور مجوزہ پراجیکٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پنجاب میں 11 ہزار سے زائد سکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں بچوں کی انرولمنٹ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

مریم نواز نے وزیر تعلیم کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت 11 لاکھ بچوں کی انرولمنٹ پر شاباش دی اور اسکول مینجمنٹ کونسل کو 10 ارب روپے سے 90 دن کے اندر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک سال کے اندر تمام اسکولوں میں درکار کلاس روم بنانے اور اسکولوں کی 580 بوسیدہ ترین اور 2770 خستہ عمارتوں کی تعمیر ومرمت کا حکم دیا، سرکاری سکولوں کے 5 لاکھ بچوں کی انگلش ٹرینرز سے سپوکن انگلش کی ٹریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے اسکول میل پروگرام کا دائرہ کار غذائی قلت کے شکار بچوں کے تناسب سے دیگر اضلاع اور تحصیلوں تک وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مریم نواز نے ہر ضلع میں گرلز اور بوائز کے لیے نوازشریف اسکول آف ایمیننس بنانے کی ہدایت کی جبکہ 5 سال میں 1750 اسکولوں کی اپ گریڈیشن کا ہدف مقرر کیا ہے، اگلے مالی سال میں 250 اسکولوں کی اپ گریڈیشن ہوگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی 10 تحصیلوں میں 300 ٹیک- ایڈ اسکول بنیں گے، آؤٹ سورس ہونے والے اسکولوں میں 195 کلاس روم، 397 کمروں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کی گئی، آؤٹ سورس ہونے والے اسکولوں میں 254538 مربع فٹ چاردیواری تعمیر کی گئی، آؤٹ سورس اسکولوں میں 414 ٹوائلٹ اور 1543 واٹر ٹینک کی تعمیر کی گئی۔

نوازشریف سکول آف ایمیننس میں آئی ٹی، سائنس لیب، لائبریری، ملٹی پرپز پلے گراؤنڈ، اسمارٹ بورڈ اور دیگر جدید سہولتیں میسر ہوں گی، 9 ڈویژن میں نوازشریف سنٹرآف ایکسی لینس ارلی چائلڈ ایجوکیشن سنٹر کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، 4327 سکولوں میں باؤنڈری وال، 4066 ٹوائلٹ،8488 فرنیچر اور 100 واٹر فلٹریشن پلانٹ کا پراجیکٹ پیش کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے لیے بہت سا کام کرنا چاہتی ہوں، ہر اسکول میں ٹوائلٹ سمیت دیگر سہولتیں ناگزیر ہیں، اسکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

Similar Posts