اہلسنت و جماعت کے زیرِ اہتمام کراچی میں فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی مارچ و ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اہلسنت و جماعت کے زیرِ اہتمام فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے کراچی میں مارچ کیا گیا۔
ملین مارچ کے شرکاء قافلوں کی شکل میں تبت سینٹر پہنچے۔ شرکاء نے پاکستان اور فلسطین کے پرچم اٹھارکھے تھے۔ شرکاء نے اسرائیل اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے، پاک فوج سے مکمل اظہار یکجہتی کیا ۔
مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم ممالک او آئی سے کے پلیٹ فارم سے مسئلہ فلسطین پر ایک جامع پالیسی کا اعلان کریں عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے کے مطابق بنیامین نتن یاہو کا جنگی جرائم پر ٹرائل کیا جائے، اسرائیل اور بھارت ریاستی دہشت گردی کے مجرم ہیں۔
مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو، فلسطین ،فلسطینیوں کا ہے اور کشمیر، کشمیریوں کا ہے، بھارت کا کشمیر پر اور اسرائیل کا فلسطین پر قبضہ غاصبانہ اور ظالمانہ ہے۔
نمائش چورنگی سے تبت سینٹر نکالے جانے والے ملین مارچ میں پیر مظفر حسین شاہ۔علامہ ریحان امجد نعمانی ۔شاداب رضا نقشبندی ۔مفتی عابد مبارک اور دیگر موجود تھے ۔