وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی کی جنگ میں کسی سے بھی چار ہاتھ آگے ہے، جدید جنگوں میں ٹیکنالوجی سے ہی برتری ہے، امید کرتے ہیں ایٹمی ہتھیار کوئی بھی استعمال نہ کرے، بھارت جیسے ہمسائے کے خلاف اپنی حفاظت کی ضمانت ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ امید کرتے ہیں ایٹمی ہتھیار کوئی بھی استعمال نہ کرے، بھارت جیسے ہمسائے کے خلاف اپنی حفاظت کی ضمانت ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں پاکستان اپڈیٹ ہے، ٹیکنالوجی میں پاکستان 4 قدم آگے ہی ہے، جدید جنگوں میں ٹیکنالوجی سے ہی برتری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے رافیل تو لے لیے لیکن انہیں اڑانے کے لیے دل گردے والے بندے کہاں سے لائے گا، بھارتی پائیلٹ تو چائے پی کر واپس چلے جاتے ہیں، سلامتی کونسل اجلاس میں بھارت کے خلاف جعفرایکسپریس حملے سمیت تمام دہشت گردی کے ثبوت پیش کریں گے۔
قومی اتحاد کو عمران خان کی شرکت سے مشروط کرنا پی ٹی آئی کی کوتاہ اندیشی ہے، خواجہ آصف
دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ قومی اتحاد اور یک جہتی کے اظہار کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شرکت سے مشروط کرنا پی ٹی آئی کی کوتاہ اندیشی ہے اور یہ حب الوطنی کو مشروط کرنے کے مترادف ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پلوامہ کے واقعے کے وقت ہماری قیادت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فرمائش پر قید تھی لیکن جیلوں سے باہر قیادت نے بریفنگ میں شرکت کی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے اس بریفنگ میں ہمارے ساتھ بیٹھنے سے انکار کیا تھا، ہم نے قومی اتحاد میں رخنہ نہیں ڈالا۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ وطن اور اسکی سلامتی شخصیات اور لیڈرشپ سے کہیں زیادہ اہم ہے، انشا اللہ پاکستان کو تا قیامت دوام ہے، بڑے محترم لیڈر آئے اور دنیا سے رخصت ہوئے اپنی یاد چھوڑ جاتے ہیں۔