پاکستان کے لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کے دماغ کا خناس نکالنا ہوگا، مودی کو فنکاروں اور پاک فوج کی طاقت کا اندازہ نہیں، اور اگر وطن نے پکارا تو فنکار بھی بارڈر پر جانے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
کراچی پریس کلب میں ایک جذباتی اور حب الوطنی سے بھرپور پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے لیجنڈری فلمی اداکار مصطفیٰ قریشی نے بھارت کی حالیہ جنگی زبان اور مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کے واقعے پر شدید ردعمل دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کے دماغ میں گھسا خناس اب نکالنا ضروری ہو چکا ہے، اور اگر وطن نے پکارا تو فنکار بھی بارڈر پر جانے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
مصطفیٰ قریشی نے اپنے مشہور فلمی ڈائیلاگ کے ذریعے کہا، مودی کو پاک فوج کی طاقت کا اندازہ ہی نہیں ہے، لگتا ہے ”نواں آیا اے سونڑیاں!“۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستان دشمنی کی اصل جڑ نریندر مودی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان امن و استحکام کو سبوتاژ کر رہا ہے۔ ایک ہی شخص ہے جو امن کا دشمن ہے، اور وہ مودی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب ملک کی بات آتی ہے تو فنکار کسی سے پیچھے نہیں ہوتے۔ ہم سرحد پر جانے کیلئے تیار ہیں، کیونکہ پاکستان کی بقا ہی ہماری پہچان ہے۔ اگر ملک کے دفاع میں جان دینی پڑی تو وہ بھی حاضر ہے۔
مصطفیٰ قریشی نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی فنکاروں نے اپنی آواز، اپنے فن اور اپنے جذبے سے قوم کو متحد کیا ہے اور آج بھی وہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
مصطفیٰ قریشی نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن سن لے، ہم متحد ہیں، ہماری زمین اور ہمارے پانی پر کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔ وطن کی محبت ہمارے دلوں میں ہے، اور ہر محاذ پر پاکستان کا دفاع کریں گے۔