بھارتی میڈیا نے ”پاکستان سائبر فورس“ نامی گروہ کی جانب سے بھارتی دفاعی اداروں پر سائبر حملے اور حساس ڈیٹا تک رسائی کا دعویٰ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پاکستان سائبر فورس کے اکاؤنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس گروپ نے بھارتی ملٹری انجینئرنگ سروس اور منوہر پارکیر انسٹی ٹیوٹ آف ڈیفنس اسٹڈیز اینڈ اینالیسز کے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کیخلاف روسی صدر کی حمایت کا بھارتی دعویٰ، جھوٹ فورا پکڑا گیا
رپورٹ کے مطابق اس دعوے میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے دفاعی اہلکاروں کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی، جس میں ان کے لاگ اِن کریڈنشلز بھی شامل ہیں۔
اس ڈیٹا لیک کے علاوہ، یہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے کہ اس گروپ نے ”آرمرڈ ویہیکل نگم لمیٹڈ“ (Armoured Vehicles Nigam) جو کہ وزارت دفاع کے تحت کام کرنے والی ایک پی ایس یو کمپنی ہے، اس کی آفیشل ویب سائٹ کو بھی ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ ویب سائٹ کو پاکستانی پرچم اور ”الخالد“ ٹینک کی تصویر کے ساتھ ڈیفیس کیا گیا ہے۔
پہلگام فالس فلیگ: بھارتی سکھ نے میجر گورو آریا کی ”اصلیت“ بے نقاب کر دی
بھارتی میڈیا کے مطابق آرمرڈ ویہیکل نگم لمیٹڈ کی ویب سائٹ کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مکمل اور تفصیلی آڈٹ کے لیے آف لائن کر دیا گیا ہے تاکہ ڈیفیسمنٹ کی کوشش سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے اور ویب سائٹ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
خیال رہے اس سے قبل بھی بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ہیکرز نے عوامی طور پر دستیاب عسکری، فلاحی اور تعلیمی ویب سائٹس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت کے اہم قومی نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔
پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بھارت کی جانب سے بھی آئے روز پاکستان پر سائبر حملے کیے جاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گروپ ”IOK Hacker“ کے نام سے کام کر رہا تھا، جس کا مقصد ویب پیجز کو خراب کرنا، آن لائن خدمات کو متاثر کرنا، اور ذاتی معلومات حاصل کرنا تھا۔