لاہور میں جرم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ بادامی باغ کے علاقے میں محض چھ ہزار روپے کے تنازع پر ایک شہری کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ زمان پارک کے قریب ایک 62 سالہ خاتون ڈکیتی مزاحمت کے دوران جاں بحق ہو گئی۔
بادامی باغ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہری کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم نے چاقو سے سیدھا دل پر وار کیا، اسپتال منتقل کرنے پر شہری ابراہیم جانبر نہ ہو سکا، جبکہ ملزمان شہری کو قتل کر کے موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان قتل کرنے کے بعد پہلے قبرستان میں چھپ گئے، رات فٹ پاتھ پر گزاری۔ ملزمان پولیس کو چکما دینے کے لیے اپنی لوکیشن تبدیل کرتے رہے۔
اس کے بعد ملزم کا ساتھی اور مرکزی ملزم امیرعرف میرو اپنی فیملی کے ہمراہ پشاور فرار ہو گئے، جہاں سے واپسی پر پولیس نے دونوں ملزمان کو دھر لیا۔
گرفتار ملزمان میں امیر اللہ عرف میرو اور غلام خان شامل ہیں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیش ونگ کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے ریس کورس کے قریب واقع زمان پارک میں دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ایک بزرگ خاتون کو نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ڈاکو خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کر رہے تھے کہ مزاحمت پر وہ سڑک پر گر گئیں اور شدید زخمی ہوئیں۔ خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
پولیس نے اس واقعے کا بھی مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔