امریکا میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیو اسمتھ نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی اور اس کے بچوں کو امریکی اور پاکستانی حکومت کے تعاون سے اٹھایا گیا، عافیہ کو افغانستان جیل میں رکھا گیا جہاں ان کے ساتھ دو بار افغان فوجیوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ عافیہ صدیقی نے ان سالوں میں انتہائی ناروا سلوک برادشت کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عافیہ صدیقی سمیت دیگر قیدیوں کے انسانی حقوق کے حوالے سے اسلام آباد میں راونڈ ٹیبل کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں عافیہ صدیقی کیس کے علاوہ بھی کیسز کے لیے یہاں آیا ہوں، 2015 میں یہاں آیا تھا جب افغانستان میں امریکی حملوں سے لوگ مارے جا رہے تھے، مجھے خوشی ہے کہ مجھے لاپتہ افراد کے لیے کام کرنے کا موقع ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں موجود تمام افراد کی پسے ہوئے طبقے کے لیے آواز اٹھانا ان کی ذمہ داری ہے، جب میں نے گوانتانا موبے جیل میں قید لوگوں کے لیے کام کیا تو 73 فیصد کیسز میں لوگ بے گناہ تھے، سب جانتے ہیں کہ گوانتانا موبے جیل میں خطرناک سے بھی خطرناک قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔ کلائیو اسمتھ نے کہا کہ عافیہ صدیقی نے ان سالوں میں انتہائی ناروا سلوک برادشت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 768 کیسز میں سے گوانتاناموبے جیل میں 756 کو ہم نے معصوم ثابت کیا، جب میں نے پاکستان میں قیدیوں کی صورتحال پر بات کی تو ایک جج نے کہا 1143قیدی اس وقت ڈیتھ رو میں ہیں، عافیہ صدیقی اور اس کے بچوں کو امریکی اور پاکستانی حکومت کے تعاون سے اٹھایا گیا۔
اسلام آباد میں راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں عافیہ کے کیسز میں کلائیو سمتھ کے کردار اور خدمات کو سراہتا ہوں، میں وکیل نہیں ہوں لیکن بہت سے کیسز کا سامنا کرنے کے بعد یہ معلوم ہوا عدالت میں سچ کو سچ ثابت کرنا بہت مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور سابق وزیراعظم میں سمجھتا ہوں کہ عافیہ کو واپس لانے کے حکومت پاکستان کے پاس آپشنز تھے جنہیں استعمال نہیں کیا گیا، عافیہ کے بارے میں ایک رائے یہ ہے کہ وہ یو ایس نیشنل تھیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ پاکستانی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ ہمارے سسٹم کی کمروزی ہے کہ ہم عافیہ کو واپس نہیں لاسکے، عافیہ کو واپس لانے کی ایک یہی امید ہے کہ اسے دونوں ممالک کے مابین معاہدہ کے Zریعے واپس لایا جائے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ عافیہ کو ہی کیوں اغوا کیا گیا؟ اس پر کلائیو اسمتھ نے جواب دیا کہ امریکی سی آئی اے سمجھتی ہے کہ عافیہ نیوکلیئر سائنس دان ہیں اور وہ نیوکلئیر بم بنا سکتی ہیں، سی آئی اے سمجھتی ہے کہ اسے القاعدہ نے نیوکلئیر بم کے ساتھ امریکہ بھیجا ہے، سوچیں کوئی خاتون یورینیم اپنے ساتھ لے کر گھوم رہی ہو کیا ایسا ممکن ہے ۔
وکیل کلائیو اسمتھ نے کہا کہ عافیہ کو افغانستان جیل میں رکھا گیا جہاں ان کے ساتھ دو بار افغان فوجیوں نے ریپ کیا، عافیہ کو جب سی آئی اے نے اپنی حراست میں لیا تب سلیمان بھی ان کے ساتھ تھا جس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں، امریکی حکومت نے پچھلے سال 10 ہزار 52 بچوں کو افغانستان سے تحویل میں لیا۔
عافیہ صدیقی کے امریکی وکیل کلائیو اسمتھ نے مزید کہا کہ افغانستان پولیس نے عافیہ کو پولیس ہیڈ کوارٹر منتقل کیا جہاں ان سے امریکی فوجیوں نے ملاقات کی، عافیہ کو ایک کمرے میں پردے کے پیچھے رکھا گیا جہاں 6 امریکی فوجیوں سے ملاقات کے دوران ان پر دو گولیاں چلائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں پر ایم فور بندوق سے گولی چلانے کے الزامات کا کوئی ثبوت نہیں، امریکی فوجیوں پر قاتلانہ حملے کی کوشش میں امریکی عدالت میں 86 سال قید کی سزا سنائی گئی، میں امریکی جیلوں میں موجود ڈیتھ سیلز میں کئی بار گیا ہوں وہ انتہائی بری جگہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں عافیہ سے ڈیتھ سیل میں ملاقات کرنے گیا تو جس سیل میں انہیں رکھا گیا وہ تو ان سب سے زیادہ بری جگہ ہے، میرا سوال یہ ہے ہمیں ایسے انسان کے لیے کیا کرنا چائیے جیسے دوران قید زیادتی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، عافیہ کو جیل میں طبی سہولیات دستیاب نہیں انہیں کسی سے ملنے نہیں دیا جاتا۔