بھارت میں مسلمان فاسٹ بولر کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کو ای میل کے ذریعے ایک کروڑ روپے تاوان دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع امروہہ میں رپورٹ ہوا جہاں شامی کے بھائی حسیب نے مقامی پولیس تھانے میں مقدمہ درج کروایا۔

ایف آئی آر کے مطابق، ایک شخص جس کی شناخت راجپوت سندر کے نام سے ہوئی ہے، اس نے محمد شامی کو ای میل کے ذریعے تاوان طلب کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ شخص نے واضح طور پر لکھا کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو شامی کی جان لی جائے گی جبکہ پولیس حکام نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ محمد شامی اس وقت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کررہے ہیں۔

آئی پی ایل کی حالیہ سیزن میں محمد شامی نے اب تک 9 میچز میں56.17 کی اوسط سے صرف 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس سے قبل، انہوں نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں اہم کردار اد کیا تھا، ٹورنامنٹ میں محمد شامی نے 5 میچز میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے پہلے میچ کی 5 وکٹیں بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل، بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو بھی ای میل کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق ہمیں گوتم گمبھیر سے منسلک ایک ای میل آئی ڈی پر موصول ہونے والی مبینہ دھمکی آمیز میل کے بارے میں اطلاع دی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

گوتم گمبھیر کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت دہلی پولیس کی سیکیورٹی میں ہیں۔

Similar Posts