بھارت نے پاکستان کے تین شہروں پر میزائل داغ دیے ہیں جبکہ پاکستان نے جوابی کاروائی شروع کر دی ہے۔ اور بھارت میں پانچ مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
بھارتی میزائل حملوں میں بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچہ شہید اور ایک عورت سمیت دو افراد زخمی ہو گئے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے فوری طور پر جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔
آج نیوز نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان نے بھارت میں پانچ مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
بہاولپور میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں ایک بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے بہاولپور میں واقع مسجد سبحان کو بھی نشانہ بنایا۔ اس حملے میں ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہوئے۔
بھارت نے تین شہروں پر فضا سے میزائل داغے
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں فضا سے میزائل داغے۔ انہوں نے کہا کہ ”بھارت کی یہ عارضی خوشی غم میں بدلی جائے گی“ اور میزائل حملے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کردی۔
پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو روک دیا
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پاک فضائیہ مکمل مستعد ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مناسب وقت پر بھرپور جواب دے گا۔
لاہور کی فضائی حدود بند
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور کی فضائی حدود 48 گھنٹوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔