بلوچستان کے ضلع پشین میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر شہید

0 minutes, 0 seconds Read

بلوچستان کے ضلع پشین میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر شہید ہوگیا، پولیس کے مطابق سب انسپکٹر زین الدین چمن میں تعینات تھا، موٹرسائیکل پرقریبی گاؤں سے اپنے گاؤں جا رہا تھا کہ دہشت گردوں نے بٹے زئی کےعلاقے میں نشانہ بنایا، لیویز فورس اور سی ٹی ڈی حکام موقع پر پہنچ گئے، شواہد اکٹھے کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ دوسرے واقعے میں کوئٹہ میں پہلی بیوی نے دوسری شادی کرنے پر شوہر کو قتل کر دیا۔

پشین کے علاقے بٹے زئی میں نامعلوم مُسلح دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کرکے پولیس کے سب انسپکٹر زین الدین ترین کو شہید کر دیا جب وہ موٹر سائیکل پر ایک گاؤں سے اپنے گاؤں کی طرف جا رہا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس اور سی ٹی ڈی حکام موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو سول ہسپتال پشین منتقل کردیا جہاں سے قانونی کاروائی اور پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

لیویز اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی جبکہ سی ٹی ڈی حکام نے موقع سے شواہد اکھٹے کئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق شہید سب انسپکٹر زین الدین ترین ضلع چمن میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے اور چھٹی پر یہاں اپنے گاؤں پشین آیا ہوا تھا سی ٹی ڈی حکام اس سلسلے میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری شادی کیوں کی؟ پہلی بیوی نے فائرنگ کرکے شوہرکو قتل کردیا

پولیس کے مطابق اسپینی روڈ خلجی کالونی میں رہائش پذیر ایک شخص نعمت اللہ کو اس کی پہلی بیوی نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مقتول نعمت اللہ نے 10 روز قبل دوسری شادی کرلی تھی اور پہلی بیوی کو رنج ہوا کہ اس نے دوسری شادی کیوں کی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی پہلی بیوی ملزمہ بخت بی بی ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں رہتی ہے اور شوہر کی دوسری شادی کا سن کر یہاں کوئٹہ اس کے گھر پہنچ گئی اور ٹی ٹی پستول سے فائرنگ کرکے اپنے شوہر کو قتل کر دیا۔

قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمہ کو گرفتار کرلیا اور لاش قانونی کاروائی پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی خروٹ آباد پولیس تھانے میں ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمہ کو وومن پولیس تھانے منتقل کیا گیا۔

Similar Posts