پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز سے شکست دے دی

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے 26 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ریلی روسوو اور حسن نواز کی سینچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کی نپی تلی بولنگ کا سامنا نہ کرسکے اور صرف 4 کھلاڑی ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے، پوری ٹیم 3 گیندیں پہلے ہی 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بیٹنگ

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے کپتان سعود شکیل 23 اور فن ایلن 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

جس کے بعد ریلی روسوو اور حسن نواز نے 134 رنز کی بڑی شراکت قائم کی، اس دوران ریلی روسوو نے پی ایس ایل میں اپنی چوتھی سینچری اسکور کی، وہ 46 گیندوں پر 104 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔

پی ایس ایل میں رائیلی روسو کی یہ تیسری سنچری ہے، رائیلی روسو پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے غیرملکی کھلاڑی بن گئے۔

اس کے علاوہ حسن نواز نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگاکر پی ایس ایل میں اپنی پہلی سینچری مکمل کی، وہ 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 100 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ بیٹنگ

263 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کو پہلے ہی اوور میں دچھکا لگا جب محمد عامر نے ان فارم بلے باز صاحبزادہ فرحان کو ایک اور کائل میئرز کو صفر پر پویلین بھیج دیا جبکہ کپتان سلمان علی آغا بھی 6 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کا شکار بنے۔

اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم ٹاپ اسکورر رہے جو 56 رنز بنانے میں کامیاب رہے، بین ڈوارشئیس 31 رنز بنانے میں کامیاب رہے، محمد شہزاد نے 24 اور محمد نواز نے 10 رنز بنائے۔ اعظم خان اور حیدر علی 6،6 رنز بناسکے جب کہ جیسن ہولڈر 3 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد عامر نے 3، محمد وسیم اور ابرار احمد نے 2،2 جب کہ خرم شہزاد، سعود شکیل اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا ٹاس

راولپنڈی میں کھیلے گئے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مستقل کپتان شاداب خان آج بھی ٹیم کو دستیاب نہیں تھے جس کے باعث سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ ہی کرتے کیوں کہ جب آپ کو ایک ہدف ملتا ہے تو آپ کو معلوم ہوتا ہے کس طرح بیٹنگ کرنی ہے اور ویسے بھی یہ باؤلنگ وکٹ لگ رہی ہے۔

ٹاس کے وقت سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ شاداب خان اب بھی مکمل فٹ نہیں ہیں تاہم امید ہے وہ اگلے میچ میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

اسلام آباد نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، سلمان ارشاد کو ڈراپ کیا گیا ہے اور کولن منرو بیماری کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سعود شکیل (کپتان)، ابرار احمد، حسن نواز، محمد عامر، مارک چیپمن، رائلی روسو، کوشل مینڈس (وکٹ کیپر)، محمد وسیم، فہیم اشرف، خرم شہزاد اور فن ایلن شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، کائل مائرز، صاحبزادہ فرحان، حیدر علی، اعظم خان (وکٹ کیپر)، محمد نواز، جیسن ہولڈر، بین ڈوارشوئس، عماد وسیم، محمد شہزاد اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کوئٹہ پی ایس ایل 2025 کے پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور پلے آف مرحلے میں جگہ بنالی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی لگاتار 3 شکستوں کے بعد پوزیشن خطرے میں آگئی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے 10،10 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

میچ سے قبل اسٹیڈیم میں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور بھارتی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

Similar Posts