لاہور: پے در پے 3 دھماکوں کی آوازیں، امرتسر میں بلیک آؤٹ

0 minutes, 0 seconds Read

لاہور کے علاقے والٹن اور اس کے نواحی علاقوں گوپال نگر اور نصیر آباد میں جمعرات کی صبح یکے بعد دیگرے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تین زوردار دھماکے پرانے ایئرپورٹ کی سمت سے سنائی دیے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور فائر فائٹنگ وہیکلز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ابھی تک کسی سرکاری سطح پر دھماکوں کی نوعیت یا وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم سیکیورٹی ادارے صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور اور سیالکوٹ کی فضائی حدود کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ کئی اہم فضائی راستے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ان ذرائع نے مزید بتایا کہ لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی روٹس آج دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گے۔ مدینہ منورہ سے لاہور آنے والی ایک بین الاقوامی پرواز کو بھی لاہور کی بجائے کراچی کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت میں امرتسر کے حساس علاقے شری ہرمندر صاحب (گولڈن ٹیمپل) کے گردونواح میں رات بھر مکمل بلیک آؤٹ نافذ رہا۔ امرتسر کی مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور بیرونی لائٹیں بند رکھنے کی ہدایت کی، جس سے علاقے میں رات بھر خوف، کشیدگی اور بےچینی کی فضا پائی گئی۔

Similar Posts