لندن شہر کے تاریخی مرکز اور مالی ضلع ’سکویئر مائل‘ میں سائیکلنگ کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جہاں گزشتہ دو سالوں میں یہ تعداد 50 فیصد سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔ 2024 میں ان کی تعداد روزانہ 139,000 تک ہوگئی، جو 2022 میں صرف 89,000 تھے۔
اس اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ سائیکلنگ کی تعداد اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب سڑکوں پر سائیکلیں گاڑیوں سے بھی زیادہ ہیں، جو کہ لندن میں گاڑیوں کے ٹریفک میں کمی کے ایک اشارے کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ 2022 سے گاڑیوں کی ٹریفک میں 5 فیصد کی کمی آئی ہے، جس کے ساتھ ساتھ ہوا کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ 2019 میں جہاں 15 مقامات پر نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ کی سطح حد سے تجاوز کر رہی تھی، اب یہ تعداد 2024 میں صرف 2 رہ گئی ہے۔
اس نمایاں بہتری کے پیچھے سائیکلنگ کے لیے شہر کی طرف سے کیے گئے اقدامات ہیں، جن میں نئے سائیکل راستے اور ڈاک لیس سائیکل اسکیمیں شامل ہیں۔ ان اسکیموں کی بدولت سائیکلوں کا استعمال 2022 کے مقابلے میں چار گنا بڑھ چکا ہے، اور اب ’لائم‘ اور’فاریسٹ’ سائیکلیں شہر کی سڑکوں پر ایک اہم حصہ بن چکی ہیں۔
آلودگی سے چھٹکارا: لندن میں سامان ڈھونے کیلئے ای بائیک کی مقبولیت بڑھ گئی
اس کامیاب حکمت عملی کا نتیجہ یہ ہے کہ سکویئر مائل میں سائیکلنگ کی تعداد میں اضافہ دیگر مرکزی لندن کے علاقوں کی نسبت کہیں زیادہ رہا ہے، جہاں سائیکلنگ میں 2023 سے صرف 12 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
لندن کے شہری حکام کے مطابق، یہ ترقی نہ صرف ماحول کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ شہریوں کی صحت اور روزمرہ کی زندگی میں بھی بہتری لا رہی ہے۔ یہ اقدامات اس بات کا اشارہ ہیں کہ لندن میں نیا ماحول دوست اور صحت مند معاشرہ تشکیل پا رہا ہے۔