اہلِ قلم نے امن کی خواہش کا اظہار کیا۔ انور مقصود نے کہا کہ مشکل حالات میں پتہ چلتا ہے کہ فوج کیوں ضروری ہے۔ افتخار عارف نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ نور الہدیٰ شاہ نے بھارتی میڈیا اور فنکاروں کو ہوش سے کام لینے کا مشورہ دیا۔ صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ اسرائیل کے سوا کوئی بھی بھارت کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فوج اور قوم نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔
کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے بھارت کے حالیہ جنگی جنون کے خلاف پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، پریس کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل احمد شاہ ، ادیب و مزاح نگار انور مقصود و دیگر قلم نگاروں نے بھارت کی بزدلانہ جارحیت اور خطے کے امن کو لاحق خطرات پر اظہار خیال کیا گیا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بھارت کے جنگی رویے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی گئی۔
اس موقع پر احمد شاہ کا کہنا تھا، اسرائیل کے سوا کوئی بھی بھارت کے ساتھ نہیں کھڑا، بھارت کو لگا پاکستانی قوم ٹوٹی ہوئی ہے، مگر ہماری فوج، نوجوان، اور قوم نے ثابت کیا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔
دانشور انور مقصود نے کہا کہ مشکل حالات میں معلوم ہوتا ہے کہ فوج کیوں ضروری ہے، میرے پاس ہتھیار نہیں، قلم ہے، جس سے اپنے وطن کا دفاع کروں گا۔
معروف شاعر افتخار عارف زوم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور انسانی جانوں کا ضیاع چاہے کہیں بھی ہو، قابل مذمت ہے۔
سینئر اداکار منور سعید نے کہا کہ جنگ کوئی نہیں چاہتا، لیکن اگر مسلط کی گئی ہے تو پاکستان جواب دینا جانتا ہے۔
ماہر تعلیم اور ممتاز شاعر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے زور دیا کہ خطے میں ترقی کے لیے امن ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔
معروف ادیبہ نور الہدیٰ شاہ نے بھارتی میڈیا کے جنگی رویے پر سوال اٹھائے اور فنکاروں کو ہوش مندی کی اپیل کی۔
شرکا نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جارحانہ رویے پر خاموشی توڑیں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں۔