امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ پاک بھارت تنازعہ ان کا مسئلہ نہیں ، وہ اس جنگ کے بیچ میں نہیں پڑیں گے۔
امریکی نائب صدر نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع بنیادی طور پر ہمارا مسئلہ نہیں ہے، حالانکہ وہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
امریکی نائب صدر نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا جس کا پاکستان جواب دے رہا ہے۔ ہم جو کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ ان لوگوں کو تھوڑا سا کشیدگی کم کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کریں، لیکن ہم ایسی جنگ کے بیچ میں ملوث نہیں ہوں گے جو بنیادی طور پر ہمارا مسئلہ نہیں ہے اور جس کا امریکہ کی اسے کنٹرول کرنے کی صلاحیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
امریکی نائب صدر کا مزید کہنا تھا آپ جانتے ہیں، امریکہ بھارتیوں کو ہتھیار ڈالنے کے لیے نہیں کہہ سکتا۔ ہم پاکستانیوں کو ہتھیار ڈالنے کے لیے نہیں کہہ سکتے اور اس لیے، ہم اس معاملے کو سفارتی ذرائع سے آگے بڑھاتے رہیں گے۔
وینس نے مزید کہا “ہماری امید اور توقع یہ ہے کہ یہ ایک وسیع علاقائی جنگ یا خدانخواستہ، ایک جوہری تنازعے میں نہیں بدلے گا۔ فی الحال، ہمیں نہیں لگتا کہ ایسا ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان امریکی خارجہ ٹیمی بروس نے پاک بھارت کشیدگی پر بیان میں کہا تھا کہ دونوں ممالک سے مطالبہ ہے سفارت کاری کے ذریعے معقول حل تک پہنچیں، پاکستان اور بھارت پر زور دیتے ہیں کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالیں۔
ٹیمی بروس کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے حکام سے رابطہ کیا ہے، مارکو روبیو نے زور دیا کہ تنازع مزید نہ پھیلے، امریکا پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں سے 2 ہفتوں سے رابطے میں ہے۔