پاک بھارت کشیدگی کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو معطل کردیا گیا، بی سی سی آئی جلد معطلی کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل منیجمنٹ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں آئی پی ایل کو روکنے کی تجویز پر غور کیا گیا جس کے بعد لیگ کو معطل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی جلد ایونٹ کی معطلی کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔
پاکستان کے حملے کا خوف، آئی پی ایل میچ کا مقام تبدیل کر دیا گیا
اس سے قبل ہی یہ بات سامنے آچکی تھی کہ پاکستان سے کشیدگی کے باعث بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں منتخب آسٹریلین کھلاڑیوں نے گھر واپسی کا سوچنا شروع کردیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا نے پہلے ہی رپورٹ کردیا تھا کہ آئی پی ایل میں منتخب آسٹریلین کھلاڑیوں نے گھر واپسی کا سوچنا شروع کردیا ہے۔ کھلاڑی آسٹریلیا یا دبئی جانے کے خواہشمند تھے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے 15 کھلاڑی اور 2 کوچز بھارت میں موجود ہیں، جس میں پیٹ کمنز، جسٹن لینگر اور رکی پونٹنگ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر کے جانے والے حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے اور پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق حملے کا جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے۔