کوئی بیرونی دباؤ قبول نہیں، قوم مطمئن رہے، بھارت کو جواب دینے کیلئے 200 فیصد تیار ہیں، وزیر دفاع

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کوئی بیرونی دباؤ قبول نہیں کرے گا، قوم مطمئن رہے، جواب دینے کے لیے 200 فیصد تیار ہیں، ڈرون حملے ہماری لوکیشنز کو جانچنے کے لیے تھے، آئندہ چند روز بتائیں گے کہ ہماری بہادر افواج کس طرح ملک کا دفاع کرسکتی ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کے تمام اہم ممالک پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں، ایران، سعودی عرب، قطر اور چین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہیں، سفارتی کوششوں کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز ہے، ایک دو ملکوں نے ہلکی پھلکی بھارت کی حمایت کی ہے باقی سارے یا ہمارے ساتھ کھڑے ہیں یا پھر نیوٹرل ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کے قریب ترین ملک بھی اس کے ساتھ نہیں کھڑے، ہم نے بھارت کے 5 جہاز گرائے ہیں جو جنگی تاریخ میں سنگ میل ہے۔ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے کہ پاکستان کی فوج جوابی پوزیشن میں ہے، ہماری افواج کی جوابی کارروائی دن رات جاری ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان دشمن کوبھرپورجواب دے رہی ہے، ہماری فوج دشمن کی آںکھوں میں آنکھیں ڈال کر مد مقابل ہے، بھارت ڈرونز کے ذریعے دفاعی تنصیبات کے بارے میں معلومات چاہتا ہے، سفارتی کوششوں کے معاملے پر ہم نے دنیا کا کوئی ملک نہیں چھوڑا، ہمارا اقوام متحدہ مشن بھی بہت متحرک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج بہادری سے ملک کا دفاع کررہی ہیں، پاکستانی قوم کو اطمینان ہونا چاہئے کہ انڈیا کے عزائم کو ملیا میٹ کیا جاچکا ہے، انڈیا کے عوام اور سیاست کے حوصلے پست ہوئے ہیں، پوری قوم افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول نہیں کرے گا، قوم بالکل مطمئن رہے، ہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے 200 فی صد تیار ہیں، تاہم پاکستانی افواج بھارت کی طرح اپنی جوابی کارروائی میں بھارت کے سویلینز کو نشانہ نہیں بنائیں گی، پاکستان صرف فوجی تنصیبات پر حملے کرے گا۔

Similar Posts