فضل الرحمان نے پاک بھارت جنگ کی صورت میں رضا کار دینے کی پیشکش کردی

0 minutes, 0 seconds Read

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاک بھارت جنگ کی صورت میں رضا کار دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی دفاع میں مدارس کے طلبا صف اول میں کھڑے ہیں، شہری دفاع کے لیے انصارالاسلام کا دستہ بھی موجود ہے، پاک فوج بہادری سے دشمن کا مقابلہ کررہی ہے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے آج یوم دفاع وطن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، 11 مئی کو پشاور میں ملین مارچ ہو گا اور 15 مئی کو کوئٹہ میں ملین مارچ ہو گا، مسلح افواج سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شہری دفاع کے لیے انصار الاسلام کا دستہ موجود ہے، بھارت نے مدارس اور مساجد کو نشانہ بنایا، پاکستان کے دفاع میں مدارس کے طلبا صف اول میں کھڑے ہیں، ہم تعاون اور شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کرچکے ہیں، پورے ملک کا بیانیہ ایک ہونا چاہیئے، جنگ میں پھول نہیں بکھیرے جاتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حملوں میں ہمارے بہن بھائی شہید ہوئے، اسرائیل کا دیا ہوا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، دشمن کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونے کی ضروت ہے، شہری دفاع کے لیے ہر شخص تیار ہے، غزہ مکمل ختم ہوچکاہے، لوگ بے گھر ہیں، ان حالات میں ایک ہی قومی بیانیہ ہونا چاہیئے۔

Similar Posts