پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پنجاب کے تمام پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا، پرائیویٹ اسپتالوں کو 35 فیصد بیڈز ہنگامی صورتحال کیلئے مختص کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن نے نجی اسپتالوں کو مراسلہ لکھ دیا۔
مراسلے کے مطابق نجی اسپتالوں کو اپنے 35 فیصد بیڈز ہنگامی حالات کے لیے مختص کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسپتالوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایمرجنسی پلان مرتب کریں اور تمام آپریشن تھیٹرز، طبی آلات اور مشینری کو فعال حالت میں رکھیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ اسپتال ایمرجنسی میڈیسن و ڈسپوزایبلز کا وافر سٹاک رکھیں، پرائیوٹ اسپتالوں میں جنریٹر درست حالت میں ہونے چاہئیں، پرائیویٹ اسپتالوں میں پانی و دیگر ضروریات دستیابی یقینی بنائی جائے، پرائیویٹ سپتالوں میں ڈاکٹرز و طبی عملہ موجود ہونا چاہئے۔
یاد رہے کہ بھارتی جارحیت کے بعد ملک بھر میں صحت ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے وفاق کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم جاری کیا جس کے بعد گرینڈ ہیلتھ الائنس نے بھی پنجاب میں جاری 3 ہفتوں سے ہڑتال فوری ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔