بھارت نے مزید جارحیت دکھائی تو ٹارگٹ ہائی ویلیو ہوگا، سیاسی و عسکری قیادت میں فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں فیصلہ کن اقدام اٹھاتے ہوئے ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی عسکری قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے مزید جارحیت دکھائی تو ٹارگٹ ہائی ویلیو ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستانی ردعمل کے جواب میں مزید جارحیت کی تو پاکستان کی جوابی کارروائی کہیں زیادہ شدید اور نشانہ ’ہائی ویلیو اہداف‘ ہوں گے۔

قیادت کا کہنا ہے کہ آئندہ کسی بھی بھارتی حملے کی صورت میں نہ صرف عسکری بلکہ بھارت کے معاشی مراکز بھی پاکستان کے ردعمل کی زد میں ہوں گے۔

قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ قیادت نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کی صورت میں اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

’آپریشن بنیان المرصوص‘ نہ صرف پاکستان کی عسکری تیاری کا مظہر ہے بلکہ یہ واضح پیغام بھی ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں 3 ایئر بیسز پر میزائل داغے ہیں، تاہم پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ان میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا۔

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت ہمارے جواب کا انتظار کرو۔

Similar Posts