یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے جنرل سید عاصم منیر اور پاک فوج کو ”آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص“ کے تحت بھارتی جارحیت کا دلیری سے جواب دینے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے اپنے بیان میں ”آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص“ کے تحت آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان کی مسلح افواج کو بھارتی جارحیت کا دلیری سے منہ توڑ جواب دینے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ اقدامات، جو دہشت گردی کی آڑ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر مبنی تھے، ان کا ہماری مسلح افواج نے بھرپور جواب دیا ہے۔
ایس ایم تنویر نے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ پاک فوج نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے مزید کہا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پاک فوج نے ایک ایسا سبق سکھایا ہے جو آنے والی بھارتی نسلوں کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ ایس ایم تنویر نے جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی جرات و بہادری کا اعتراف کرتی ہے۔
یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ نے پاک فوج کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہم سب کو اپنے وطن کے دفاع میں پاک فوج کی عظمت پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی تین ایئر بیسز اور ڈرون حملوں کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ”آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص“ کا آغاز کیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کی شام 5 بجے سے اب تک بھارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس میں اس کی کئی تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔
پاکستان کی جانب سے جواب کارروائی میں بھارت کو جو نقصانات اٹھانے پڑے ان میں روسی ساختہ جدید ترین S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم، چار ایئربیسز اور براہموس میزائلوں کی دو اسٹوریج سائٹس شامل ہیں۔