امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے بڑا دعوی کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت بات چیت کیلئے راضی ہو گئے، مارکو روبیو کے مطابق دونوں متعدد معاملات پر بات چیت کیلئے راضی ہیں، بات چیت نیوٹرل سائٹ پر ہوگی، دونوں جنگ بندی پر بھی راضی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان غیر جانبدار مقام پر مذاکرات شروع کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔ مارکو روبیو نے پاک بھارت سیز فائر کا اعلان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ بھارت اور پاکستان کی حکومتیں فوری جنگ بندی اور غیر جانبدار مقام پر وسیع پیمانے پر مسائل پر مذاکرات شروع کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔
مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پاک بھارت کے عہدیداروں، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔
واضح رہے کہ امریکی صدرر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر متفق ہو گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کی کوشش کی ہے، علاقائی سالمیت، قومی خود مختاری پر سمجھوتا کیے بغیر کوششیں کیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ بھارت اور پاکستان سیز فائر پر تیار ہو گئے ہیں۔ پاکستان اور بھارت نے بھی جنگ بندی پر متفق ہونے کا اعلان کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان آج پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے سے سیز فائر شروع ہو گیا۔