کراچی: گلستانِ جوہر میں پولیس چوکی کے قریب دستی بم دھماکا

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 11 میں پولیس چوکی کے قریب دستی بم دھماکا ہوا ہے۔

گلستان جوہر میں خالی پولیس چوکی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔

ذرائع کے مطابق شارع فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر اشرف المدارس پولیس چوکی والی گلی میں موٹر سائیکل سوار دہشت گرد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور آواز سن کر علاقہ مکین گھروں سے باہر نکل آئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ کو شواہد حاصل کرنے کے لیے طلب کر کے جائے وقوع کو سیل کر دیا گیا۔

گلستان جوہر میں پھینکے جانے والا دستی بم سڑک پر گر کر پھٹ گیا جس کی نتیجے میں سڑک پر بھی گڑھا پڑ گیا جبکہ دیواروں پر اس کے ٹکڑے لگنے کے نشانات بھی پائے گئے۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق شارع فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر میں متروکہ و بند پولیس چوکی اشرف المدارس کے قریب مبینہ طور پہ آتشگیر مادہ پھیکنے کی اطلاع ملی تاہم اس واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان ہوا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم استعمال کیے جانے والے مادے اور اس کی ساخت سمیت دیگر معاملات کی تصدیق و تفصیلات حاصل کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 3 مئی کی شب کو بھی ایسٹ زون کے علاقے ملیر کالا بورڈ چھیپا بوتھ کے عقب میں رینجرز کی خالی چوکی کے قریب دستی بم حملہ کیا گیا تھا۔

Similar Posts