وزارتِ مذہبی امور نے حج 2025 کے لیے نجی حج اسکیم کے تحت حج پیکجز کی بکنگ کرنے والے عازمین کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر تصدیق شدہ منتظمین یا کوٹے سے زائد بکنگ کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق نجی منتظمین کو دیے گئے کوٹے میں ترمیم کر دی گئی ہے اور اب یہ کل 25,698 عازمین تک محدود کر دیا گیا ہے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج 2025 کے لیے کسی بھی اضافی کوٹے کی منظوری نہیں دی جائے گی۔
پاک بھارت سیز فائر: آج 3 پروازیں 700 حجاج کو لیکر مدینہ روانہ ہونگی
ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام نجی منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف تصدیق شدہ اور مختص شدہ کوٹے کے مطابق ہی بکنگ کریں۔ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں وزارت سخت قانونی کارروائی کرے گی۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ایک شفاف، ذمہ دار اور مربوط حج آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں اور عازمین سے بھی اپیل ہے کہ وہ صرف مستند اور رجسٹرڈ منظمین کے ذریعے ہی بکنگ کروائیں تاکہ کسی قسم کی دھوکہ دہی یا مشکل سے بچا جا سکے۔