بھارتی رپورٹر کا مائک کھلا رہ گیا اور پھر سچ نکل گیا

0 minutes, 0 seconds Read

حالیہ پاک بھارت تصادم کے دوران بھارت کی جانب سے جھوٹے دعوؤں، فرضی خبروں اور من گھڑت بیانیے کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے روایتی طور پر بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر حملوں، دراندازی اور دہشت گردی کے الزامات عائد کیے، جنہیں زمینی حقائق اور بین الاقوامی ذرائع نے مسترد کر دیا ہے۔ اور اب ایک ویڈیو میں ان کے اپنے رپورٹر نے ہی بھارتی میڈیا کے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا ہے۔

بھارتی نیوز چینلز، خاص طور پر ریپبلک ٹی وی، زی نیوز، این ڈی ٹی وی، انڈیا ٹوڈے اور انڈیا ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے پاکستان کے اندر گھس کر کئی حملے کئے۔ تاہم، نہ تو ان دعووں کی کوئی آزادانہ تصدیق ہوئی، نہ ہی بھارتی حکومت نے کسی قسم کے شواہد فراہم کیے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی بھارت کی جانب سے جعلی ویڈیوز، پرانے کلپس اور کمپیوٹر سے بنائے گئے جعلی فضائی حملوں کی ویڈیوز کو حالیہ جھڑپوں سے جوڑ کر پیش کیا گیا۔ کئی آزاد فیکٹ چیکرز اور بین الاقوامی اداروں نے ان ویڈیوز کو ”فیک“ اور ”گمراہ کن“ قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر این ڈی ٹی وی کا ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں بدقسمت رپورٹر نے انجانے میں ”فیک نیوز“ پھیلانے کو قبول کیا۔

ایک لائیو بیپر کے دوران رپورٹر کا مائیک کھلا رہ گیا، ایک طرف پینل پر بحث جاری تھی تو دوسری جانب رپورٹر انجانے میں کہہ دیا کہ ’پہلے کہیں گے اپڈیٹ دو اپڈیٹ دو، پھر فیک نیوز چلوا کر کہیں گے فیک نیوز کیوں دیا‘۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی اندرونی سیاست، خاص طور پر لوک سبھا انتخابات، میں کامیابی کے لیے مودی سرکار پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ تشکیل دے رہی ہے تاکہ قوم پرستی کی لہر کو ہوا دی جا سکے۔ بھارتی حکومت نے کئی سچ بولنے والے صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا جو جنگ کی بجائے امن کی بات کرتے تھے۔

Similar Posts