بھارتی اپوزیشن کا آپریشن سندور اور سیز فائر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانےکا مطالبہ

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی اپوزیشن نے وزیراعظم نریندر مودی پر دباؤ بڑھاتے ہوئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی کو ایک خط لکھا، جس میں پارلیمنٹ میں فوری طور پر ایک مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

جنگ بندی کیلئے جے شنکر اور دوول نے امریکہ سے رابطہ کیا، بھارتی میڈیا کا بڑا انکشاف

راہول گاندھی اور راجیہ سبھا کے اپوزیشن رہنما ملکارجن کھڑگے کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں ”پہلگام واقعے“، ”آپریشن سندور“ اور ”سیز فائر“ پر تفصیل سے بحث کی جائے۔

اپوزیشن کے رہنماؤں کا ماننا ہے کہ ان موضوعات پر وزیراعظم مودی کو پارلیمنٹ میں وضاحت پیش کرنی چاہیے تاکہ عوامی تشویشات کا جواب دیا جا سکے۔

جنگ بندی کے بعد انڈیا میں مودی کے حامی بھگتوں پر بھارتی صارفین بھڑک اٹھے

اس خط کے بعد کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ خط وزیرِاعظم کے حوالے سے اہم سوالات کو اٹھاتا ہے اور ان مسائل پر حکومت کا موقف واضح کرنا ضروری ہے۔

جے رام رمیش نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی یہ درخواست عوام کے مفاد میں ہے اور اس پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے بھی اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی اجلاس میں وزیراعظم نریندر مودی کو خود شرکت کرنی چاہیے تاکہ وہ ان اہم مسائل پر اپوزیشن کے سوالات کا جواب دے سکیں۔

یاد رہے کہ ”پہلگام واقعہ“ میں بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں اور ”آپریشن سندور“ میں بھارتی افواج کی مداخلت پر کئی سوالات اٹھائے جا چکے ہیں۔

اسی طرح ”سیز فائر“ کی خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے حوالے سے بھی بھارت کی اپوزیشن حکومت سے وضاحت طلب کر رہی ہے۔

Similar Posts