پشاور میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، سب انسپکٹر سمیت 2 اہلکار شہید

0 minutes, 0 seconds Read

پشاور میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر سمیت 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کے مطابق پشاور کے علاقے چمکنی مویشی منڈی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ شہید ہونے والوں میں سب انسپکٹر لائق زادہ اور سپاہی شامل ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پرخود کش لگ رہا ہے، لگ رہا ہے پولیس موبائل ٹارگٹ تھی، دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے، موقع سے شوائد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔

وزیر داخلہ کی پشاور میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور کے علاقے میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا اعلی مرتبہ پایا، شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Similar Posts