وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ رافیل کا گرانا مہارت کی مثال ہے، بھارت کے 300 ملین ڈالر کے جہاز کو پاک فضائیہ کے 30 ملین ڈالر کے طیارے نے ملبہ بنا دیا، بھارت سے جب بھی بات ہوگی، نکات میں سندھ طاس معاہدہ شامل ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی میڈیا اور ایوی ایشن انڈسٹری نے کنفرم کرلیا ہے کہ بھارتی طیارے گرے، پاک فضائیہ نے تو بتایا ہے کہ بھارتی رافیل کس طرح گرائے گئے، رافیل کا گرانا مہارت کی ایک مثال ہے، بھارت کے 300 ملین ڈالر کے جہاز کو 30 ملین ڈالر کے طیارے نے ملبہ بنادیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے خطے میں ملٹری اور سفارت کاری کی سطح پر مثبت تبدیلیاں نظر آرہی ہیں، قانون میں ایسی کوئی شق نہیں جس میں بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کرسکتا ہے، بھارت سے جب بھی بات ہوگی، تین چار نکات ہوں گے، ان نکات میں سندھ طاس معاہدہ بھی شامل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر بھارتی طیاروں کی تباہی کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے لے آئے
خیال رہے کہ 9 مئی 2025 کو ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جوائنٹ پریس کانفرنس میں بین الاقوامی میڈیا کے سامنے بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تباہ کیے جانے والے بھارتی طیاروں میں 3 جدید رافیل طیارے، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30ی شامل تھے، بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے طیارے گرنے کی خبر سے انکار کیا، کچھ بھارتی میڈیا چینلز نے طیارے گرنے کی خبروں کی تصدیق کی جو بعد میں مودی سرکار نے ہٹوادیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور سینئر ائیر فورس آفیسر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی رافیل طیارے گرانے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے، ثبوتوں میں بھارتی طیاروں کے نمبرز اور تباہ ہونے کی لوکیشنز بھی دکھائی گئ تھیں۔
علاوہ ازیں امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے اینکر اور سیکیورٹی امور کے ماہر جم سکیوٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ فرانس کے ایک اعلیٰ سطح کے انٹیلی جنس اہلکار نے رافیل طیارہ گرائے جانے کی تصدیق کی ہے’۔