راولپنڈی: گوجرخان میں بزرگ خاتون سے بالیاں اور پرس چھیننے والا سفاک ملزم گرفتار

راولپنڈی پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک روز قبل گوجرخان میں بزرگ خاتون سے بالیاں اور پرس چھیننے والا سفاک ملزم زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔

سی پی او راولپنڈی نے  واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، ناکہ بندی کے دوران موٹرسائیکل پر سوار ملزم نے پولیس پر فائرنگ کی، مذکورہ کے پسٹل سے ہونے والا فائر اس کے اپنے ہاتھ پر لگا۔

گرفتار ڈاکو نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک روز قبل تھانہ گوجر خان کے علاقہ میں بزرگ خاتون سے پرس چھینا اور انکی بالیاں بھی نوچیں تھیں۔

گرفتار ملزم سے چھینے گئے طلائی کانٹے، نقدی 20 ہزار روپے سمیت مسروقہ موٹرسائیکل اور اسلحہ بھی برآمد ہوا، زخمی ملزم کو علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سی پی او راولپنڈی کی ہدایت پر اے ایس پی گوجرخان، ایس ایچ او گوجرخان نے بزرگ خاتون کے گھر جاکر انکی چھینی گئی اشیا طلائی بالیاں اور نقد رقم ان کے حوالے کیں۔

بزرگ خاتون کی سی پی او راولپنڈی اور ٹیم کو دعائیں دیں، ملزم کی گرفتاری اور ریکوری سمیت اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل کی برآمدگی پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر، ایس ڈی پی او گوجرخان، ایس ایچ او گوجرخان اور ٹیم کو شاباش دی۔

Similar Posts