پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کا اختتام شاندار تیزی پر ہوا، 100 انڈیکس میں 10 ہزار 123 پوائنٹس کا غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 17 ہزار 297 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
کاروباری حلقوں کے مطابق 100 انڈیکس میں 9.45 فیصد اضافہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد، معاشی استحکام کے اشاروں اور مستقبل میں بہتر معاشی امکانات کا مظہر ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ تیزی غیر ملکی سرمایہ کاری، پالیسی تسلسل اور متوقع آئی ایم ایف پروگرام کے باعث دیکھنے میں آئی ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی مثبت رحجان رہا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 14 پیسے کمی ہوئی، اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 281 روپے 56 پیسے پر بند ہوا۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی مضبوط کارکردگی اور روپے کی قدر میں بہتری سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی عکاسی کر رہی ہے، جو مستقبل میں معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔