چیف جسٹس سے ترک سفیر کی ملاقات، عدلیہ کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

0 minutes, 0 seconds Read

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ترکیہ کے سفیر عرفان نِذیر اوغلو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق منگل کے روز ترکیے کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰی آفریدی سے ملاقات کی۔

چیف جسٹس نے ترک سفیر کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور اپنے دورہ ترکیہ کے دوران ترک عدلیہ کی جانب سے بے مثال مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون پر گفتگو کی گئی اور عدالتی تعلیم اور استعداد کاری کے شعبوں میں تعاون کی تعریف کی گئی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ضلعی عدلیہ کو تعاون میں شامل کرنے پر زور دیا جبکہ دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے حال میں ترکیے میں آئینی عدالت کے قیام کی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریبات میں شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز، وزیراعظم ہاؤس میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی میں ترکی کے کردار کو سراہتے ہیں، ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔

Similar Posts