بھارت کا خطے میں تھانیداری کا بت پاش پاش ہوگیا، دوبارہ حملہ کیا تو تمہارا کچھ نہیں بچے گا، وزیراعظم کی مودی کو للکار

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف نے اگلے مورچوں سے مودی کو للکارتے ہوئے کہا کہ بھارت کا خطے میں تھانیداری کا بت پاش پاش ہوگیا، دوبارہ حملہ کیا تو تمہارا کچھ نہیں بچے گا، ہماری امن کی خواہش پر غلط فہمی کا شکار نہ ہونا، انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق کچھ سوچنا بھی نہیں، بھارت سے 1971 کی جنگ کا بدلہ لے لیا، پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بہادری سے مادر وطن کا دفاع کیا، تاریخ گواہ رہے گی کہ کس طرح وطن کے بہادر بیٹوں نے چند گھنٹوں میں بھارتی جارحیت کو خاک میں ملا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیرِاعظم شہبازشریف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ سیالکوٹ میں پسرور چھاؤنی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بُنیان مرصوص میں شریک افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں حصہ لینے والے جوانوں کی غیرمعمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، کور کمانڈر سیالکوٹ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کو جنگ کی نوعیت اور کور کی موجودہ آپریشنل تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

معرکہ حق میں مسلح افواج کی مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے قوم کے غیر متزلزل عزم اور تعاون کے ساتھ مادر وطن کا بہادری سے مثالی دفاع کیا اور دشمن کی جارحیت پر فیصلہ کن اورمنہ توڑ جواب دیا، تاریخ گواہ رہے گی کہ چند گھنٹوں کے اندر مسلح افواج نے پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔

شہباز شریف نے فرنٹ لائن پرموجود افسران اور بہادر جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے، غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور تیاری کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے بہادر بیٹوں پر بے پناہ فخر ہے، وہ قوم کے سر کا تاج ہیں، بھارت نے معصوم شہریوں پر کھلی جارحیت مسلط کی، جس کے نتیجے میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کی شہادتیں ہوئیں، ان شہداء کو دہشت گرد کہنا سراسر شرمناک اور تمام بین الاقوامی قوانین، اصولوں اور اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے جان بوجھ کر ایسا راستہ اختیار کیا کیونکہ اس کے پاس ثابت کرنے کے لئے کچھ نہیں تھا اور جھوٹے بہانے، تکبر اور انا کی بنیاد پر جارحانہ کارروائی شروع کی، جس کا اسے بھرپور جواب ملا، الحمدللہ، ہمارے شہدا کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، جنہوں نے قوم کو سرخرو کیا۔

وزیراعظم کا افسران اور جوانوں سے خطاب

بعدازاں سیالکوٹ پسرور ایئر بیس پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کا غرورخاک میں ملادیا، ہماری افواج نے دشمن کے دانت توڑ دیے، ہماری افواج نے دشمن کی خوش فہمی دور کردی، ثابت ہوگیا پاک افواج توانا اور دشمن کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کی معترف ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی پلاننگ شاندار رہی، مجھے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر فخر ہے، جنرل عاصم منیر پاکستان قوم کے بیٹے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک افواج نے 9 اور 10 مئی کو اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، کامیابی رہتی دنیا تک تاریخ کے سنہری باب کا حصہ بن چکی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار شہادتیں دیں، 100 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، ہم امن کے داعی ہیں، ہماری امن کی خواہش پر غلط فہمی کا شکار نہ ہونا، سندھ طاس معاہدے سے متعلق کچھ سوچنا بھی نہیں، ہم ملک اور خطے میں خوشحالی چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے معصوم پھول جیسے بچوں کو نشانہ بنایا، اب مربوط ڈائیلاگ ہوگا، میٹھا میٹھا ہپ ہپ نہیں، بھارت کا خطے میں تھانے داری کا بت پاش پاش ہوگیا، دوبارہ حملہ کیا تو تمہارا کچھ نہیں بچے گا، مسٹر مودی ہم امن کے داعی ہیں، امن چاہتے ہیں، آئیں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کریں۔

قبل ازیں وزیراعظم کا آمد پر آرمی چیف اور کورکمانڈر گوجرانوالہ نے پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم کی آپریشن بنیان مرصوص میں شریک افسروں، جوانوں سےملاقات

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان نے آج آپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ کیا اور آپریشن میں شریک جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے جوانوں کے جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر احسن اقبال، وفاقی وزیر عطا تارڑ اور دیگر اہم وزرا بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، جبکہ اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی وفد میں شامل رہی۔

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی: وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے، شہدا پیکیج کا اعلان

وزیراعظم نے آپریشن میں شریک تمام فورسز کو ملک کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے حوصلے کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

Similar Posts