سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی صدارت میں جاری ہے، اجلاس کی کارروائی کے دوران ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے یوم تشکرکی قرارداد پیش کر دی۔
وزیر صحت عذرا پیچوہو نے صوبائی اسمبلی میں یومِ تشکرکی مناسبت سے قرارداد پیش کی، قرارداد کو پوری اسمبلی میمبرز نے سپورٹ کیا۔ سندھ اسمبلی نے بھارتی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعلٰی سندھ کا خطاب
وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے عام شہریوں اور مقدس مقامات کو نشانہ بنایا، عالمی قانون، انسانی حقوق،مہذب رویےکےاصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ دشمن کی کارروائیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ مسلح افواج کی مہارت، بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آپریشن بنیان مرصوص دشمن کے ناپاک عزائم کا تاریخی جواب ہے۔
وزیراعلیٰ نے بری، فضائیہ، اور بحریہ افواج کی بروقت کارروائی کو سراہت ہوئے کہا کہ ہر سپاہی، افسر اور شہید کو قوم کی طرف سے زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی، ہمدردی اور دعا کرتے ہوئے قوم کے اتحاد، حوصلے، اور بالغ نظری کو قابلِ فخر قرار دیدیا ۔
مراد علی شاہ نے دوست ممالک کی حمایت اور جنگ بندی کے لیے کردار کی تعریف بھی کی اور کہا کہ بھارت سے فوری اور مکمل جنگ بندی پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
اظہارِ خیال کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے آبی وسائل تک منصفانہ رسائی کی بین الاقوامی ضمانت پر زور دیا ، کہا کہ پاکستان کا اپنے دفاع کے حق پر غیر متزلزل مؤقف برقرار ہے، پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی، قومی وقار، سلامتی اور سرحدی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایوان مسلح افواج اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔