پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم کا کہنا ہے کہ ہندوستان کا غرور خاک میں مل چکا ہے، ہم نے ابھی صرف ٹریلردیا، پکچر ابھی باقی ہے۔
ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیر اہتمام راولپنڈی میں یوم تشکر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پہلگام واقعہ پربغیرکسی ثبوت کے انڈیا نے جنگ چھیڑی جنگی جرائم پر مودی اور نیتن یاہو پرعالمی عدالت میں کیسز چلنے چاہئیں۔ پاکستانی فوج دنیا کی ٹاپ ٹین افواج میں شمار ہوتی ہے، ہم دفاع پر صرف 8۔9 بلین ڈالر خرچ کررہے ہیں جبکہ بھارت 84 بلین ڈالر خرچ کرتا ہے۔
جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیاب فتح پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ، جنرل عاصم منیر نے افواج پاکستان کو بہترین انداز میں لیڈ کیا ان پر تنقید کرنے والے دراصل پاکستان کے دشمن ہیں،آج افواج پاکستان کی عظمت کا چرچا دنیا کے کونے کونے میں ہو رہا ہے، پوری دنیا میں افواج پاکستان اور پاکستان کے پرچم لہرائے گئے، ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
جنرل (ر) عبدالقیوم کا مزید کہنا تھا کل تک انڈیا پروپیگنڈا کررہا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ اور فیل اسٹیٹ ہے، انڈیا انڈس واٹر ٹریٹی بند نہیں کرسکتا، بیاس، ستلج اور راوی میں پانی روکنا ممکن نہیں، ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں یہ ہمارا بنیادی مسئلہ ہے، اس کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، بتایا جائے جعفر ایکسپریس میں کون ملوث ہے؟ انڈیا کینیڈا میں دہشتگردی میں پکڑا گیا، انڈیا کا پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا، ہم تو اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن اور تجارت چاہتے ہیں، سارک کومتحرک کرکے خطے میں امن اور تجارت بحال کی جاسکتی ہے، شہداء فیملیز کی پنشن بہت کم ہےاس پر وزیر خزانہ اور سروسسز چیف کو خط بھی لکھا ہے۔