اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ضلع باجوڑ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ کے ٹینڈر میں غبن کرنے والے ٹھیکیدار سے ایک کروڑ 38 لاکھ 2 ہزار 108 روپے کی خطیر رقم ریکور کر لی۔ کارروائی اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والی ایک شکایت پر عمل میں لائی گئی جس میں الزام تھا کہ 2022 میں جنرل بس اسٹینڈ کا ٹھیکہ تین سالہ مدت کے لیے دیا گیا، مگر ٹھیکیدار نے طے شدہ مدت کے دوران ایک روپیہ بھی سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرایا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق شکایت کی بنیاد پر باقاعدہ انکوائری کی گئی، جس میں الزامات درست ثابت ہوئے اور یہ بات سامنے آئی کہ ٹھیکیدار کی عدم ادائیگی کے باعث قومی خزانے کو دو کروڑ 53 لاکھ 82 ہزار 160 روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
تحقیقات کے بعد اینٹی کرپشن حکام نے مذکورہ ٹھیکیدار سے فوری طور پر ایک کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد کی رقم وصول کر لی۔ حکام کا کہنا ہے کہ باقی رقم کی وصولی کے لیے بھی قانونی کارروائی جاری ہے اور قصوروار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔