پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر بلند کردیا، عطا تارڑ

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

لاہور میں یومِ تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن کو اندازہ نہیں تھا کہ اس کا پالا کس قوم سے پڑا ہے، پاکستان نے ایسا بھرپور جواب دیا کہ بھارت ہمیشہ یاد رکھے گا، قوم پاک فوج کی بہادری کی گواہ ہے، ریلی میں شرکت کرنے والی عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے 6 طیارے مار گرائے، جس کے بعد بھارت میں کھلبلی مچ گئی اور دشمن سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے اہم فیصلے کیے اور پاک فوج نے دشمن کے حملے کو بھرپور طریقے سے پسپا کیا۔ دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، لیکن پاک فوج نے سرپر کفن باندھ کر دشمن کا مقابلہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے دشمن سے 1971 کا بدلہ لے لیا، اور اب دنیا جان چکی ہے کہ اس قوم کو شکست دینا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی بہادری کی گواہ ہے، اور میں ریلی میں شرکت کرنے والی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

Similar Posts