میکسیکو کی بحریہ نے ایک بڑی کارروائی کے دوران منشیات سے بھری ایک نیم غوطہ خور آبدوز پکڑ لی ہے، جس سے 3.5 میٹرک ٹن کوکین برآمد کی گئی۔ یہ کارروائی جنوب مغربی ریاست گویررو کے ساحلی علاقے میں کی گئی، جہاں سمندری نگرانی کے دوران مشتبہ آبدوز کو روکا گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق کارروائی کے دوران آبدوز میں سوار 3 منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا، جنہیں اور برآمد شدہ منشیات کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
بحریہ کے مطابق ضبط شدہ کوکین کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 47 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 800 ملین میکسیکن پیسوس) بتائی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نیم غوطہ خور آبدوزوں کا استعمال منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ میں تیزی سے بڑھتا ہوا رجحان ہے، اور یہ کارروائی منظم جرائم کے خلاف میکسیکو حکومت کی ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔
میکسیکو کے صدر اور متعلقہ حکام نے اس کامیاب کارروائی پر بحریہ کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ منشیات کی غیرقانونی ترسیل کے خلاف کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔