کراچی: تیز رفتار ٹریلر کو حادثہ، پُل سے لٹک گیا

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے مصروف ترین علاقے میں واقع آئی سی آئی پل پر اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک تیز رفتار ٹریلر بے قابو ہو کر پل کی حفاظتی ریلنگ سے ٹکرا گیا اور آدھا حصہ پل سے نیچے لٹک گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹریلر کسی بھی لمحے پل سے نیچے گر سکتا تھا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے کے باعث پل پر گاڑیوں کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ٹریفک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر علاقے کو سیل کرتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری منگوا کر کرین کی مدد سے ٹریلر کو پل پر واپس کھینچا گیا۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آخرکار ریسکیو عملے نے ٹریلر کو ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی۔

واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی سے پیش آیا یا گاڑی میں کسی قسم کی تکنیکی خرابی تھی۔

Similar Posts