نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار 3 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے، بیجنگ ایئرپورٹ پر چینی حکام اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اسحٰق ڈار کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار دورے کے دوران اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی تعاون پرتبادلہ خیال ہوگا جبکہ چینی ہم منصب سے پاک بھارت تنازع کے بعد کی صورتحال اور علاقائی امور پر گفتگو ہوگی۔
ادھر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر متقی بھی کل چین پہنچیں گے، پاکستان، چین اور افغان وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی بیجنگ میں ہوگا۔
ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور پاک چین تعلقات پر بات چیت ہوگی، اسحاق ڈار کا دورہ پاک چین اعلیٰ سطح کے روابط کا حصہ اور پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی شراکت داری کا اعادہ ہے۔
چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر دورہ کر رہا ہوں، دورے سے چین کےساتھ مثالی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ سے گزشتہ 3 ہفتے میں 2 بار ملاقات ہوئی، 3 ہفتے میں 60 سے زائد رابطے ہوئے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے بھارت کے الزامات کو جھوٹ ثابت کیا، دنیا کو معلوم ہے بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے، بھارت کا بلیم گیم پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، دنیا جان چکی پاکستان پر لگائے گئے تمام الزامات غلط تھے۔