بجلی کی سرکاری پیداواری کمپنیوں کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل

0 minutes, 0 seconds Read

سرکاری پیداواری یونٹس کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، 3 پاور پلانٹس میں سے صرف ایک کی بولی لگی۔

پاور ڈویژن حکام کے مطابق آج مجموعی طور پر 2362 میگا واٹ کے تین پاور پلانٹس نیلامی کے لیے پیش کیے گئے تھے۔ ان میں سے صرف 800 میگاواٹ والے جامشورو پاورپلانٹ کے لیے خریدار کمپنی سامنے آئی۔

سی ای او جنکو سبیح الزمان فاروقی کا کہنا تھا کہ صدیق اینڈ سنز کمپنی نے جامشورو تھرمل پاورپلانٹ کی خریداری کیلیے بولی لگائی۔ حکومت نے جامشورو پاور پلانٹ کی ریزرو پرائس 9 ارب 97 کروڑ مقررکی تھی۔

پاورڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ جنکو ٹو کے 6 پاورپلانٹس کی نیلامی کا عمل مؤخرکردیا گیا ہے اوراب یہ نیلامی 30 مئی کو دوبارہ شروع کی جائے گی۔

اس نیلامی میں جنکو تھری کیلیے کوئی بھی بولی دہندہ نیلامی میں شامل نہ ہوا۔ اس میں مظفر گڑھ اور فیصل آباد پاور اسٹیشن شامل ہیں اور دونوں پاور پلانٹس کی پیداواری صلاحیت 1482 میگاواٹ ہے۔

حکومت نے جنکو تھری پاور پلانٹس کی ریزرو پرائس 26 ارب 62 کروڑ مقرر کی تھی۔پرانے پلانٹس کی بولی کا انتظام کیا تھا جس کا پہلا فیز مکمل ہوگیا تھا۔ پہلے فیز میں 9 ارب کی بولیاں موصول ہوئیں۔

Similar Posts