محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید 4 روز کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق رواں ہفتے کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشگوئی اور ہوا کا زیادہ دباؤ موجود رہنے کا امکان ہے۔
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ہیٹ ویو برقرار رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے 24 مئی تک جنوبی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بعض مقامات پر 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی لہر، اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے خاصا زیادہ ریکارڈ کیے جانے کی توقع ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں، بشمول پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث بعض میدانی علاقوں میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان بھی موجود ہے، عوام کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔