خیبرپختونخوا پولیس کے وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر سالانہ 4 ارب 98 کروڑ روپے خرچ کرنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ پولیس دستاویزات نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر اربوں روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس صوبے بھر میں 3 ہزار597 سرکاری اور غیرسرکاری شخصیات کو بھی سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے، ان وی آئی پیزکی سیکیورٹی پر سالانہ 4 ارب،98 کروڑ روپےخرچ ہورہے ہیں، جس میں مردان میں سب سے زیادہ 1 ارب 46 کروڑ 66 لاکھ روپے سیکیورٹی پر خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ پشاور کے سالانہ سیکیورٹی اخراجات ایک ارب 16 کروڑ 88 لاکھ روپے ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ڈی آئی خان میں 49 کروڑ 46 لاکھ سے زیادہ روپے خرچ ہوتے ہیں اور اقلیتوں کی سیکیورٹی پر بھی سالانہ 25 کروڑ 75 لاکھ سے زیادہ رقم خرچ ہورہی ہے۔
خیبرپختونخوا پولیس رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی لینے والوں میں 706 حکوتی عہدیدار، 925 عدلیہ افسران اور 73 سول سرونٹس شامل ہیں۔