صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نے عہدے میں ترقی پانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے سید عاصم منیر کی خدمات کا ایک بار پھر اعتراف کیا ہے۔
وفاقی وزرا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارک باد دی ہے۔
صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد دی اور بلااشتعال بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے اور دشمن کے مکروہ عزائم ناکام بنانے پر جنرل عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔
آصف زرداری نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ دفاع وطن کی خاطر آپ کی خدمات کا اعتراف ہے، بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان کی مؤثر جوابی کاروائی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان تعریف کے مستحق ہیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے بہترین حکمت عملی سے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہتی ہے۔
صدر آصف زرداری نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو عہدے کی مدت میں توسیع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایئر چیف مارشل کی کامیاب جنگی حکمت عملی کی بدولت پاکستان نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ایئر چیف مارشل کی قیادت میں بھارتی فضائیہ کو شکست فاش دی۔
صدر مملکت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالیٰ نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں ان کی دلیری، استقامت اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی دفاع وطن کے لیے گراں قدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کے لیے اقدامات پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی، معرکہ حق کے دوران آرمی چیف سے لے کر سرحدوں پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والے ہر سپاہی نے دفاع وطن کے لیے دلیری سے اپنی خدمات سر انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ان کی قیادت میں اپنی بہادر افواج کے غازیان و شہداء اور انکے اہل خانہ پر فخر ہے۔
وزیردفاع
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی بطور فیلڈ مارشل ترقی قوم کا ان پراعتماد ہے، جنرل عاصم منیر قوم کے محسن ہیں، زندہ قومیں اپنے محسنوں کی سدا عزت و تکریم کرتی ہیں، قوم کے محسن تا ابد زندہ اور پائندہ رہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایئرچیف مارشل اور ان کے شاہینوں نے وطن کی فضاؤں کو ناقابل تسخیر بنایا، دشمن کے طیاروں کا شکار کھیلا اور ان کی فضاؤں کو ویران کردیا، بڑے بڑے طیارے کٹی پتنگوں کی مانند زمین پہ گرے، ایئرچیف مارشل کے عہدے کا جاری رہنا ان کی بہادری کا اعتراف ہے، قوم ان کی احسان مند ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحرشمشاد
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد نے عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کےعہدے پر ترقی پر مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور عاصم منیر کی غیر معمولی قیادت اور خدمات کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے محنت سے یہ مقام حاصل کیا، معرکہ حق کی فتح ، فیلڈ مارشل کے عہدے پرترقی جنرل عاصم منیر کا حق تھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کوعبرتناک سبق سیکھایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا خیرمقدم کیا۔
سردار ایاز صادق نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد دی اور جنرل عاصم منیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے پاک افواج کا مورال مزید بلند ہوگا۔
چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کی مبارکباد دی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدہ میں قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی تیاریوں کو بھی بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پاکستان کی افواج کی قربانیوں کا بھی اعتراف ہے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک وقوم کیلئے قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں، دعا ہے ان کی قیادت میں پاک فوج پیشہ ورانہ مہارت کی بلندی تک پہنچے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر جنرل عاصم منیر کو دلی مبارکباد پیش کی۔
ملک احمد خان نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں معرکہ حق کی فتح تاریخ کا سنہری باب ہے، فیلڈ مارشل کا اعزاز جنرل عاصم منیر کی جرات، قیادت، قربانیوں کا اعتراف ہے، قوم نے جنرل عاصم منیر کی قیادت میں یکجہتی، غیرت کی نئی مثال قائم کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانا ان کی دانشمندانہ حکمت کا نتیجہ ہے، قوم فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مزید فتوحات کی منتظر ہے، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے تاریخ کا رخ موڑا ہے، پوری قوم ان کی قیادت پر نازاں ہے۔
گورنر پنجاب
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد پیش کی۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی سے پاک فوج کا مورال بلند ہوگا، پاک فوج کی بھارت کے خلاف بنیان مرصوص آپریشن بہت بڑی کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے معرکہ حق ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔