عمران خان نے ڈیل کی تردید کی ہے، ن لیگ سے کوئی بات نہیں ہوگی، علیمہ خان

0 minutes, 0 seconds Read

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کسی ڈیل کی بات نہیں کی، پاکستان کے مفاد میں بات ہوگی، بانی پی ٹی آئی نے تین باتوں کی وضاحت کی ہے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے تین اہم نکات پر وضاحت دی ہے اور واضح کیا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ کسی بھی سطح پر بات چیت نہیں کی جائے گی۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کی اخلاقیات کو تباہ کیا ہے، ایسے عناصر کے ساتھ کوئی سیاسی مفاہمت ممکن نہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ڈیل کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا کہ این آر او دینے والے لوگ سچ نہیں بول سکتے، اس لیے ایسے عناصر پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم بانی پی ٹی آئی نے یہ ضرور کہا ہے کہ اگر کوئی بات چیت ہوگی تو وہ صرف اور صرف پاکستان کے مفاد میں ہوگی۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے امر بالمعروف کی بات کی، عمران خان سچ کے ساتھ کھڑا ہے۔

قبل ازیں انھوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات کروائیں گے تو ہم واپس جائیں گے، عدالت کا حکم ہے ملاقات کروائیں ورنہ ہم ادھر ہی بیٹھ جائیں گے، نو ہفتوں میں صرف دو بار ملاقات کروائی گئی، میری صرف ایک ملاقات بانی پی ٹی آئی سے کروائی گئی۔

بانی پی ٹی آئی فیصل چوہدری کو ملنا نہیں چاہتے، فیصل چوہدری کو اسٹیبلشمنٹ نے بھیجا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا جس کو اسٹیبلشمنٹ بھیجے گی اس سے نہیں ملوں گا۔

دعا ہے رواں ہفتے بانی پی ٹی آئی رہا ہوجائیں، بیرسٹر گوہر

واضح رہے کہ آج راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشرا بی بی سے ملاقات کے دن بانی پی ٹی آئی کی دو بہنوں عظمی اور نورین خان کو ملاقات کی اجازت ملی۔ جبکہ علیمہ خان اور کزن قاسم زمان خان کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

بشری بی بی کی فیملی جس میں بھابھی مہر النساء اور بیٹی مبشرہ شیخ شامل ہیں نے بھی ملاقات کی جبکہ محمد شیخ بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی جبکہ پی ٹی آئی قیادت میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ،علی ظفر کو بھی ملاقات کی اجازت مل گئی۔

ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بشرا بی بی کی بھابھی اور پی ٹی آئی کی قیادت اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئیں۔

Similar Posts