بھارت کے ساتھ غیرجانبدار مقام پر کشمیر، پانی، تجارت اور دہشتگردی پر بات ہوگی، وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات میں امریکا بنیادی کردار ادا کرے گا، پاکستان اور بھارت زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس آگئے، پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز میں اتفاق ہوگیا، مذاکرات ہوئے تو دونوں قومی سلامتی کے مشیر کریں گے، دونوں ممالک کے سیکیورٹی ایڈوائزر غیر جانبدار مقام پر بات چیت کریں گے، بھارت کے ساتھ غیرجانبدار مقام پر کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی پر بات ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے سینئر صحافیوں نے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جنگ بندی کے لیے قطعاً کوئی درخواست نہیں کی تھی، اگر ہم نے جنگ بندی کی درخواست کی ہوتی تو عالمی برداری بتا دیتی، پاک بھارت مذاکرات میں امریکا بنیادی کردارادا کرے گا، پاکستان اور بھارت زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس اگئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز میں اتفاق ہوگیا، مذاکرات ہوئے تو دونوں قومی سلامتی کے مشیر کریں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے لیے سعودی عرب یا یواے ای کے مقام کا تعین کریں گے تاہم بھارت ابھی تک کسی ایسے ملک میں گفتگو کے لیے راضی نہیں جب کہیں مذاکرات ہوں گے تو پاکستان کی طرف سے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈی جی آئی ایس آئی ہی جائیں گے۔

پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطہ، ہفتہ وار معمول کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے دوران پاکستان کی جانب سے 4 اہم نکات شامل ہوں گے، جن میں کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی کے موضوعات شامل ہوں گے، ڈی جی ملٹری آپریشنز کی گفتگو میں یہ طے پایا کہ دونوں ممالک کی افواج جنگ سے پہلی پوزیشن پر جائیں گی تاہم دونوں ممالک کی افواج پہلے والی پوزیشن پر کب جائیں گی اس کاٹائم فریم بھی نہیں بتاسکتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پسرورمیں ایک چوکی پر ہماری افواج نے ڈٹ کر مقابلہ اور پیچھے نہیں ہٹے حالانکہ پسرور کی اس چیک پوسٹ پر ایک جوان اور 8 شہری شہید ہوئے، پسرور چیک پوسٹ پر ہمارے بہادر سپاہی آخری فوجی تک لڑ ے اور اپنی چیک پوسٹ کو نہیں چھوڑا۔

پاک بھارت جنگ کے دوران اسرائیلیوں کی بھارت میں موجودگی کے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ اسرائیل کے لوگ بھارت میں موجود تھے لیکن ہم نے فتح پائی ، بھارت کی جانب سے اسرائیلی ہتھیار استعمال کرنے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی بھرپورمدد کی اسرائیل کے ہتھیاروں اور فوجی ایڈوائزر بھارت کی مدد کررہے تھے سری نگر اور دیگر مقامات پر بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ رات اڑھائی بجے مجھے آرمی چیف کاغصے سے بھرا فون آیا، آرمی چیف نے کہا کہ بھارت نے حملے کی تیاری کرلی ہے، میں نے آرمی چیف کو کہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے بھارت کو جواب دیں آگے بڑھیں، ہم نے اپنے پانچ گنا بڑے ملک کو جوکہ معاشی اوردفاعی لحاظ سے بہت آگے کوبھرپورجواب دیا، وزیراعظم کو جنگ جیتنے پر سب نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف نے اس پوری جنگ کو تمام افواج کی طرف سے لیڈ کیا، ہم نے دعائے خیر بھی کی اورپھر فتح بھی نصیب ہوئی بھارت پرحملے میں جوالفتح میزائل استعمال کیا وہ پاکستان کا اپنا بنایا ہوا تھا اللہ کے کرم سے ہماری فتح ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلے میں نواز شریف کی مشاورت شامل ہے، عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ مکمل حکومت کا ہے، فوج کا نہیں۔

Similar Posts