بلوچستان کے ضلع خضدار میں افسوسناک دہشت گرد حملے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بیجز لگانے کی تقریب مؤخر کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق بدھ کے روز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب مؤخر کردی گئی، خصوصی تقریب آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے ہونا تھی۔
ذرائع کا کہنا کہ تقریب خضدار حملے کی وجہ سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر مؤخر کی گئی۔
تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہونا تھی، تقریب کے دوران سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگائے جانے تھے جبکہ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا سمیت سول اور عسکری شخصیات نے شرکت کرنا تھیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آج کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کریں گے، جہاں وہ خضدار حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کریں گے۔
خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا اسکول بس میں دھماکا، 4 بچوں سمیت 5 افراد شہید
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دورے کے دوران خضدار حملے کے حوالے سے سکیورٹی حکام اور ضلعی انتظامیہ سے تفصیلی رپورٹ لیں گے۔
خضدار حملے کے بعد سکیورٹی اداروں کو مزید چوکنا رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جب کہ بلوچستان میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔