نااہل اور بزدل لوگوں کو پارٹی کی باگ ڈور دینے سے تمام احتجاج ناکام ہوئے، شیر افضل مروت

0 minutes, 0 seconds Read

تحریک انصاف کے رہنما اور ممتاز قانون دان شیر افضل مروت نے پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی جماعت کی موجودہ قیادت اور صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈیڑھ سال سے ہائی کورٹ کے چکر کاٹ رہے ہیں مگر ضمانتیں نہیں ہو رہیں۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کے چکر لگاتے لگاتے تھک چکے ہیں، مگر صوبائی حکومت کا حال یہ ہے کہ کسی فیصلے پر نہیں پہنچتی، صرف کیسز چل رہے ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہر طرف کوتاہی ہی کوتاہی ہے، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو اس صورتحال پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔

شیر افضل مروت نے پارٹی قیادت پر بھی کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ قیادت کے کمپرومائز ہونے کا واویلا کر رہے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ قیادت بد نیتی پر فیصلے کر رہی ہے۔ نااہل اور بزدل لوگوں کو پارٹی کی باگ ڈور دی گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے تمام احتجاجی اقدامات ناکامی کا شکار ہوئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے احتجاجی تحریک صرف اہل قیادت ہی چلا سکتی ہے، یہ موجودہ قیادت کے بس کی بات نہیں۔

شیر افضل مروت نے پی ٹی اے چیرمین پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے چیئرمین نے پارلیمانی کمیٹی کی بے توقیری کی ہے، انہوں نے جو الزامات لگائے ہیں ان پر آرمی چیف کو نوٹس لینا چاہیے۔ ایسے افراد پی ٹی اے کے چیرمین جیسے اہم عہدے کے لیے نااہل ہیں۔

انہوں نے ایمل ولی خان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمل ولی کے ساتھ ذاتی اختلافات اپنی جگہ، لیکن چیرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کے ان کے مطالبے کی مکمل تائید کرتا ہوں۔

Similar Posts